پنجاب کے میدانی علاقوں سمیت اندرون سندھ شدید گرمی کی لہر برقرار ،

ملک کے میدانی علاقوں میں سورج بدستور آنکھیں دکھانے میں مصروف ہے،پنجاب سمیت اندرون سندھ میں قیامت خیز گرمی کی شدت برقرار ہے،سبی میں پارہ اننچاس، نوکنڈی،دادو میں اڑتالیس اور شہید بے نظیر آباد میں چھیالیس تک پہنچ گیا ہے،جبکہ ملتان میں درجہ حرارت بیالیس اور فیصل آباد میں اکتالیس سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا،،،بیشتر وسطی اور جنوبی علاقے غضب ڈھاتی گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے،،،اندرون سندھ، وسطی و جنوبی پنجاب اور مشرقی بلوچستان میں پارہ پچاس کوچھو سکتا ہے،جبکہ گوجرانوالہ ڈویژن، کشمیر اور اس سے ملحقہ پہاڑی علاقوں میں بعض مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بادل برسنے کا بھی امکان ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہا،تاہم اسلام آباد، بالائی پنجاب، خیبرپختونخوا اور کشمیر میں چند مقامات پر تیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی،اسلام آباد ایئر پورٹ پر اننچاس، منگلا بائیس،چکوال اٹھارہ اور سرگودھا میں سولہ ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔