کامیاب عازمین حج اپنے واجبات 14جون تک جمع کرائیں ، وزارتِ مذہبی امور
وزارت مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی نے سرکاری حج سکیم کی دوسری قرعہ اندازی کے تحت کامیاب ہونے والے عازمین حج سے کہا ہے کہ وہ اپنے واجبات اس ماہ کی چودہ تاریخ تک جمع کرادیں۔ مقررہ تاریخ تک واجبات نہ جمع کرانے والے حج کی سعادت سے محروم رہ جائیں گے۔ سرکاری حج سکیم کی دوسری قرعہ اندازی میں سات ہزار تین سو سے زائد عازمین کامیاب قرار پائے تھے۔ اُدھر باوثوق ذارئع کے مطابق وزارت عازمین حج کو سرکاری حج سکیم کے تحت قیام و طعام اور دوسرے اخراجات سے بچنے والی کثیر رقم جلد واپس کرے گی۔ اس سال دو لاکھ پاکستانی فریضہ حج ادا کریں گے جن میں سرکاری حج سکیم کے تحت ایک لاکھ سترہ ہزار جبکہ نجی سکیم کے تحت تراسی ہزار عازمین شامل ہیں۔ ادھر وزارت مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی اس ماہ کے دوسرے ہفتے سے ملک بھر میں سرکاری حج سکیم کے تحت عازمین حج کے تربیتی پروگرام پھر شروع کرے گی۔ تربیتی پروگرام کے مطابق عازمین حج کی روانگی تک جاری رہیں گے۔ عازمین حج کو ماڈلز' چارٹس' نقشوں' خاکوں' لیکچرز اور ٹیلی ویژن کی مدد سے تربیت دی جائے گی تاکہ وہ حضور اکرم ۖ کی تعلیمات کی روشنی میں مناسک حج ادا کرسکیں۔