بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی سابق چیئرپرسن فرزانہ راجہ کو اشتہاری قرار
اسلام آباد کی احتساب عدالت نے کرپشن ریفرنس میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام(بی آئی ایس پی) کی سابق چیئرپرسن فرزانہ راجہ کو اشتہاری قرار دے دیا ۔پیر کو اسلام آباد کی احتساب عدالت میں محمد سلیم بیگ سمیت دیگر ملزمان پیش ہوئے۔سابق چیئرپرسن بے نظیرانکم سپورٹ پروگرام فرزانہ راجہ کے دائمی وارنٹ جاری کر دیئے گئے ہیں۔ جج اصغر علی نے حکم دیا کہ فرزانہ راجہ کا شناختی کارڈ بلاک کر کے نام ای سی ایل میں ڈالا جائے۔عدالت نے فرزانہ راجہ کو ریفرنس سے الگ کرکے فرد جرم کیلئے نئی تاریخ بھی مقرر کردی ۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ سپریم کورٹ کے مطابق انویسٹی گیشن کو کسی اسٹیج پر ختم نہیں کیا جا سکتا۔آئندہ سماعت پر نیب کے تفتیشی افسر کو بھی طلب کیا گیا ۔ عدالت نے ریفرنس کی سماعت 14 جون تک ملتوی کر دی ۔