چار بھائیوں نے غیرت کے نام پر بہن کو بے دردی سے قتل کردیا۔

ماڈل تھانہ صدر کے علاقہ چک نمبر3فورڈواہ کی بستی جلوکا میں بنتِ حواء غیرت کی بھینٹ چڑھ گئی ۔ بھائیوں نے بدچلنی کے شبہ میں اپنی بہن کو بے دردی سے قتل کردیا۔پولیس کے مطابق چک نمبر3 فورڈواہ کی بستی جلوکا میں ملزمان محمدآصف،محمدشہزاد،محمدافتخار اور وقار نے اپنے ماں باپ کے ایماء پر اپنی بہن مسماة پروین بی بی کو بدچلنی کے شبہ میں گلے میں رسی کا پھنداڈال کر قتل کرنے کے بعد اسے بجلی کے جھٹکے لگا کر اذیت ناک موت سے دو چار کردیا ۔ ملزمان مقتولہ پروین بی بی کے پائوں باندھ کراسے بجلی کا کرنٹ لگاتے رہے۔تھانہ صدر پولیس نے مقتولہ کی نعش کو قبضہ میں لے کر تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال پہنچا دیا۔پولیس نے مقتولہ کے بھائیوں ملزمان محمدافتخار، وقار، محمدآصف، محمد شہزاداور ماں باپ محمدابراہیم اور منظوراں بی بی کے خلاف اپنی مدعیت میں سنگین دفعات 302-311-34-109 ت پ۔کے تحت مقدمہ درج کرکے کارروائی شروع کردی ہے۔