پاکستان کنٹرول لائن پر موثر جوابی کارروائی کے ذریعے ہر قیمت پر اپنے شہریوں کا دفاع کرے گا
بھارتی فوجیوں نے کنٹرول لائن کے باگسر سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ کرکے شہری آبادی کو نشانہ بنایا ہے۔فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق میرہ گائوں سے تعلق رکھنے والے دو شہری 55سالہ عظمت بی بی اور 75سالہ بابا جان ولد غلام محمد فائرنگ سے زخمی ہوگئے۔بھارت شہری آبادی کو جان بوجھ کر نشانہ بنانے کے ساتھ ساتھ پاک فوج پرمقبوضہ کشمیر میں کنٹرول لائن پر شہری آبادی کو نشانہ بنانے کے جھوٹے الزامات لگا رہا ہے۔پاک فوج نے جوایک انتہائی پیشہ وارنہ فورس ہے کئی بارشہری آبادی کو نشانہ نہ بنانے کے اپنے اصولی موقف کا اظہار کیاہے۔بھارتی فوج کی طرف سے آزاد کشمیر میں معصوم شہریوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنانے کو پاک فوج کبھی نظر انداز نہیں کریگی اور موثر اور بھرپور جواب سے اپنے شہریوں کا دفاع کریگی۔فضائی اورسمندری دفاع میں پاک فضائیہ اور پاک نیوی چوکنے اور مستعد ہیں۔