2 ارب روپے کی منی لانڈرنگ، 6 کروڑ ٹیکس چوری کا انکشاف
کراچی: فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے ماتحت ڈائریکٹوریٹ آف انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن ان لینڈ ریونیوکراچی نے 6کروڑ روپے سے زائد مالیت کی ٹیکس چوری اور2 ارب کی منی لانڈرنگ کا سراغ لگالیا ہے۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے مطابق 6کروڑ روپے سے زائد مالیت کی ٹیکس چوری اور2 ارب کی منی لانڈرنگ میں محمد رضوان اور محمداجمل نامی افراد غیرقانونی لین دین میں ملوث پائے گئے ہیں۔ دونوں کے8بینک اکاؤنٹس سے 2ارب روپے مالیت کی مشکوک ٹرانزیکشنزکی گئی ہیں۔ ایف بی آرکے متعدد نوٹسز بھیجے جانے کے باوجوددونوں افراد روپوش ہوگئے ہیں۔ رضوان اور اجمل نے بینکوں میں خشک میوہ جات، کان کنی اور برتنوں کاکاروبار ظاہر کیا ہوا ہے۔ دونوں افراد نے کپڑا، گھی، چائے اور جائیدادکی خریدوفروخت کی مدمیں ادائیگیاں کیں جو ان کے ظاہر کردہ کاروبار سے مطابقت نہیں رکھتیں۔ ایف بی آر نے ایف اے ٹی ایف کے تناظر میں مشکوک بینک لین دین پر کریک ڈاؤن سخت کردیا ہے۔