کرکٹ کے عالمی ستارے کراچی میں جگمگانے کو تیار,شین واٹسن نے بھی خوشخبری سنا دی
پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن میں ستاروں کی کہکشاں ملکی آسمان پر چمکنے کیلئے تیار ہے اور غیر ملکی کھلاڑیوں میں شامل شین واٹسن نے بھی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر کی درخواست اور اپنی فیملی سے مشاورت کے بعد باضابطہ طور پر کراچی آنے کا اعلان کردیا،ٹیم منیجر اعظم خان نے بھی تصدیق کردی کہ وہ تمام میچوں میں فرنچائز کی نمائندگی کریں گے ،کینگرو کرکٹر کا کہنا ہے کہ پاکستان کا آخری مرتبہ دورہ کئے 14سال ہو گئے جہاں عالمی کرکٹ کے پرجوش ترین شائقین موجود ہیں،ٹرافی جیتنے کیلئے بہترین کارکردگی کا انتظار مشکل ہو رہا ہے ۔تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کا آخری مرحلہ 9مارچ سے کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں شروع ہوگا جہاں پہلے میچ میں لاہور قلندرز کی ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کیخلاف میدان میں اترے گی۔ابتدائی پروگرام کے مطابق پاکستان میں کھیلے جانے والے آٹھ میں سے پانچ میچز کراچی اور تین لاہور میں شیڈول تھے لیکن خطے کے حالات اور دیگر مسائل کی وجہ سے لاہور کے تینوں میچز بھی کراچی منتقل کردیئے گئے ۔دلچسپ بات یہ ہے کہ جنوبی افریقی بیٹسمین ابراہام ڈی ویلیئرز نے لاہور میں ہونیوالے میچوں کی کراچی منتقلی کے باعث پاکستان آنے سے انکار کردیا تھا