کور کمانڈر کانفرنس: کسی بھی جارحیت کے خلاف مادر وطن کا بھر پور دفاع کیا جائے گا: آرمی چیف
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہاہے کہ کسی بھی جارحیت اور مہم جوئی کی صورت میں مادر وطن کا بھر پور دفاع کیا جائے گا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیرصدارت جی ایچ کیو راولپنڈی میں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں جیواسٹرٹیجک صورتحال، خطے میں پاک بھارت کشیدگی کے بعد کی صورتحال کاجائزہ لیا گیا اور کانفرنس میں مادروطن کے خلاف کسی بھی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ کور کمانڈرز کانفرنس میں ایل اوسی پر بھارتی فورسزکی جانب سے شہریوں کو نشانہ بنانے پر اور مقبوضہ کشمیرمیں بڑھتی ہوئی بھارتی جارحیت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ بھارتی فورسز کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر مسلسل شہری آبادی کو نشانہ بنانے کاسلسلہ جاری ہے، خطے کے امن کے لیے شہری آبادی کو نشانہ بنانے سے روکنا ضروری ہے جب کہ بھارت ایل او سی پر شہری آبادی کو جان بوجھ کر نشانہ بنا کر صرف آگ بھڑکارہا ہے اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم جلتی پر تیل کا کام کر رہے ہیں۔ترجمان پاک فوج کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کاحکم دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی جارحیت اور مہم جوئی کی صورت میں مادر وطن کا بھر پور دفاع کیا جائے گا ،طاقت کے حق کا استعمال صرف ریاست کا اختیار ہے ،کوئی بھی ہمیں خطرے یا قوت کے ذریعے نہیں جھکا سکتاجب کہ پاکستان امن، ترقی اور استحکام کی جانب گامزن ہے.آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈر کانفرنس میں نیشنل ایکشن پلان 2014 پر عمل درآمد کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ آرمی چیف نے افواج کے مورال اور قوم کے جذبے کا سراہا .