ثاقب نثار نے 22 کروڑ عوام کی قسمت نااہل عمران خان کے حوالے کی: مریم نواز

شیخوپورہ میں مسلم لیگ (ن) کے تنظیمی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ آپ سب کو نواز شریف کا سلام، نواز شریف نے کہا تھا اپنا فیصلہ اللہ تعالیٰ پر چھوڑتا ہوں، کوئی رہ تو نہیں گیا جس نے نواز شریف کے خلاف سازش کی اور ذلت مقدر نہ بنی ہو، سازشیوں نے اعتراف کیا نواز شریف کے ساتھ زیادتی ہوئی، جو رہ گیا ہے منہ سے خود بولے گا، ہر کوئی سچ بولے گا نواز شریف کے ساتھ ناانصافی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ڈیم والا بابا پاکستان کیلئے بابا زحمت ثابت ہوا، ڈیم والے بابے نے کسی کی خواہش پر یا آئین کے مطابق انصاف کرنا تھا، بابا بولے گا کچھ لوگ کون تھے، یہ وہی کچھ لوگ تھے جو شوکت صدیقی کے گھر گئے تھے، ڈیم والا بابا قوم کو بتائے جنرل (ر) فیض حمید تھا، ڈیم والا بابا ابھی بھی پورا سچ نہیں بول رہا ہے، قوم کو بتاؤ کس طرح نواز شریف کو تاحیات نااہل کیا۔ مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر میدان سے اٹھا کر باہر پھینکا، میرے پاس کوئی عہدہ نہیں تھا مجھے 10سال کیلئے نااہل کیا گیا، ڈیم والے بابا نے چن چن کر (ن) لیگیوں کو نااہل کیا، کرسی پر بیٹھ کر فرعون بنا ہوا تھا، ثاقب نثار کہتا ہے مرنے کے بعد کتاب شائع کروں گا، اس وقت موت یاد نہیں تھی جب بے گناہ شخص کو سزا دی، اس وقت موت یاد نہیں تھی جب تم نے تحریک انصاف کی کمپین چلائی۔ مسلم لیگ (ن) کی رہنما نے کہا کہ جس نے سچ بولنا ہوتا ہے مرنے کا انتظار نہیں کرتا، مرنے کا انتظار وہ شخص کرتا ہے جو کالے کرتوں کا سامنا نہیں کرنا چاہتا، لطیفہ سنو کہتا ہے میرا وٹس ایپ ہیک ہو گیا ہے، اب پتا ہے پول کھلنے والے ہیں، بدنام زمانہ جے آئی ٹی جب بنی تھی تب وٹس ایپ ہیک نہیں ہوا، تمہارے فیصلوں سے غریب کا مستقبل ہیک ہو گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ قوم کے بچوں کا مستقبل اندھیرے میں دھکیل کر اس کو اپنے بچوں کی فکر لاحق ہے، قوم کے بچے رل گئے اور اس کا بیٹا لندن میں عیش کر رہا ہے، آپ سب کو مبارک ہو کل ثاقب نثار کہتا ہے عمران کو صادق و امین کا پورا سرٹیفکیٹ نہیں دیا تھا، کیا کوئی صداقت اور امانت کا آدھا سرٹیفکیٹ ہوتا ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ ثاقب نثار نے 22 کروڑ عوام کی قسمت ایک بد کردار، بدعنوان، نالائق، نااہل شخص کے حوالے کی، نشیئی کو لا کر بٹھا دیا اس سے زیادہ جرم کیا ہو سکتا ہے، یہ پاکستان کی 75 سالہ تاریخ کا سب سے بڑا بزدل بھی ہے، میں اگر تحریک انصاف کی فالور ہوتی تو شرم سے مر جاتی، ایک بزدل شخص کو قوم پر مسلط کر دیا۔ مسلم لیگ (ن) کی رہنما نے مزید کہا کہ جب سے مقدمات شروع ہوئے عمران خان گھر سے نہیں نکلا، چھتوں کے پلستر اتر جاتے ہیں 5 ماہ سے اس کا پلستر نہیں اتر رہا، آج عدالت میں اس کی پیشی تھی وکلا نے کہا کہ عمران معذور ہے عدالت نہیں آ سکتا، بہادری نہیں آتی تو نواز شریف سے ادھار لے لو، کینسر کے مریضوں، پلیٹ لیٹس، کمر درد کا مذاق اڑانے والا آج بیماری کا بہانہ کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا اگر بیماری کا بہانہ کرنا تھا تو ایسی بیماری کا بہانہ لگاتے جس کا ہم نام لے لیتے، کبھی کہتا ہے معذور، کبھی کہتا ہے عمر 72 سال ہے، 72 سال کا بزرگ چوریاں کر سکتا ہے تو جیل کیوں نہیں جا سکتا، نواز شریف اور عمران خان ایک ہی عمر کے ہیں، کیا کبھی نواز شریف کو بیماری کا بہانہ کرتے دیکھا، کیا کبھی نواز شریف نے کہا بیمار اور معذور ہوں عدالت نہیں آسکتا۔