نیب کو ہمارے خلاف ثبوت نہیں ملتے تو بتائیں ہم ڈھونڈ لائیں: نوازشریف
اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ آج باسٹھ ویں پیشی ہے نیب کچھ ثابت نہیں کرسکی۔ ان کے گواہ جھوٹے ثابت ہوئے۔ اڈیالہ جیل سے متعلق مضامین اور خبریں بھی پڑھتا رہتا ہوں۔ اب تو بریت کی درخواست دائرکرنی چاہیے۔ وقت بدل گیا ہے پارٹی توڑنے کی کوشش بھی کامیاب نہیں ہورہی۔ انکا کہنا تھا کہ جن کے خلاف کرپشن کے کیس ہیں وہ گھروں پر سو رہے ہیں۔ پیپلزپارٹی کےخلاف کیسز کا فیصلہ نہیں ہوا۔ دس دس سال سے کیسز التوا کا شکار ہیں۔ الیکشن کسی قیمت پرملتوی نہیں ہونے دیں گے۔ اس سے قبل غیر رسمی گفتگو میں سابق وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ قوم ملک کی مالک ہے مزراع نہیں عوام نے اٹھائیس جولائی کے فیصلے کو مسترد کردیا ہے۔ وزیرداخلہ احسن اقبال پر حملے کے بارے میں نوازشریف کا کہنا تھا کہ ایسے لوگوں کو رقم تقسیم کی جائے گی تو یہی ہوگا۔ نوازشریف کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس ہر بات پر نوٹس لیتے ہیں فوج کے دھاندلی کرانے کے عمران خان کے بیان کا بھی نوٹس لیں۔