رضا باقر پاکستان کے بیٹے ہیں اور ان کا انتخاب اہلیت پر ہوا: شاہ محمود قریشی
اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے گورنر اسٹیٹ بینک کی تعیناتی سے متعلق اپوزیشن کے اعتراض پر جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ رضا باقر پاکستان کے بیٹے ہیں اور کم تنخواہ پر پاکستان آرہے ہیں جب کہ اسٹیٹ بینک کےگورنر کے لیے ان کا انتخاب اہلیت پر ہوا ہے۔ سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ دینا ہماری آئینی ذمے داری ہے، آرٹیکل 160 واضح ہےکہ ہر5 سال بعد این ایف سی ایوارڈ آنا چاہیے، ایوارڈ سے متعلق ڈار کی سربراہی میں تشکیل کمیٹی کوئی کام نہ کرسکی، صوبائی حکومتوں نے اپنے امیدوار نامزد نہیں کیے اس کی سب سے زیادہ ذمے دار حکومت سندھ ہے۔ انہوں نے کہا سوچنےکی بات یہ ہے کہ پاکستان آئی ایم ایف کی طرف کیوں گیا، میکرو اکنامک کے عدم توازن کے باعث ہمیں آئی ایم ایف جانا پڑا، بہت کوشش کی کہ آئی ایم ایف کے بجائے دوست ممالک کے پاس جانا چاہیے، دوست ممالک نے سہارا دیا لیکن خلا بہت زیادہ تھا۔ شاہ محمود قریشی کی تقریر کے دوران گرما گرمی بھی ہوئی، سینیٹر مشتاق نے این ایف سی سے متعلق جواب دینے پر اصرار کیا اس پر شاہ محمود نے کہا کہ میں این ایف سی اور آئی ایم ایف پر بات کررہا ہوں۔