قومی اسمبلی کا اجلاس 11 مئی کو طلب، شرکت کرنے والے اراکین کے کرونا ٹیسٹ لازمی قرار
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے قومی اسمبلی کا اجلاس 11 مئی سہ پہر تین بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں طلب کیا جس میں کرونا کی موجودہ صورت حال کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا جائے گا اور فیصلوں سے متعلق ایوان کو اعتماد میں لیا جائے گا۔ اراکین قومی اسمبلی کو اجلاس میں شرکت سے قبل کرونا ٹیسٹ لازمی کرانا ہوگا جبکہ اسمبلی ملازمین کے بھی ٹیسٹ کیے جائیں گے۔ قومی اسمبلی اجلاس کے دوران عام افراد کا داخلہ ممنوع ہوگا جبکہ پارلیمنٹ لارجز میں داخلے کیلئے ایس او پیز بھی تیار کیے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق جن اراکین اسمبلی یا ملازمین کو بخار یا کرونا سے متعلق کوئی بھی علامات ظاہر ہوئی انہیں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔