مریدکے : دو مقامات پر آتشزدگی ، 2 بچیاں جھلس کر جاں بحق، 2 مزدور زخمی
شیخوپورہ کی تحصیل مریدکے میں 2 مقامات پر آگ لگنے سے 2 بچیاں جاں بحق اور 2 مزدور جھلس گئے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق پہلی آگ جی ٹی روڈ پر نجی بینک کے قریب 2 منزلہ مکان کی بالائی منزل میں لگی جس سے 2 بہنیں ایک سالہ زویا اور 3سالہ فضا جھلس کرجاں بحق ہو گئیں۔بچیوں کیوالد فیاض نے الزام لگایا کہ مخالفین سلامت وغیرہ نے ان کی جگہ پر قبضہ کررکھا ہے اور اسی جھگڑے پر انہوں نے ان کے گھر کو آگ لگا دی۔آتشزدگی کا دوسرا واقعہ نارووال روڑ پرغیرقانونی آئل ریفائنری میں پیش آیا جس نے زیر زمین ہیوی آئل ٹینک کو لپیٹ میں لے لیا، آگ لگنے سے 2 مزدور جھلس گئے،جنہیں میو اسپتال لاہور منتقل کر دیا گیا۔