سینئر اداکار شبیر رانا انتقال کرگئے

پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے سینئر اداکار شبیر رانا طویل علالت کے بعد آج صبح کراچی میں انتقال کرگئے۔پاکستان ٹی وی انڈسٹری کے سینئر اداکار شبیر رانا دل کے عارضے میں مبتلا تھے اور گزشتہ کئی روز سے قومی ادارہ برائے امراضِ قلب میں زیرِ علاج تھے ۔ سینئر اداکار کو عید الفطر کی تعطیلات کے دوران دل کا دورہ پڑا تھا، جس کے باعث انہیں فوری ہسپتال لایا گیا تھا۔شبیر رانا کے صاحبزادے اذلان شاہ نے انسٹاگرام پر والد کے انتقال کی تصدیق کی ہے ۔شبیر رانا طویل عرصے تک ایڈورٹائزنگ انڈسٹری سے وابستہ رہے جبکہ بطور ڈائریکٹر انہوں نے بے شمار ٹی وی کمرشل کی ڈائریکشن بھی دی، بعدازاں ڈرامہ انڈسٹری سے بطور اداکار منسلک ہوگئے ۔ مرحوم شبیر رانا نے 4 دہائیوں سے زائد عرصہ ٹیلی ویژن ڈراموں میں کام کیا، جن میں محمود آباد کی ملکائیں‘، ’قید تنہائی، بے انتہا، محبت زندگی ہے سمیت مختلف ڈرامے شامل ہیں۔مرحوم کی نمازِ جنازہ آج عصر کی نماز کے بعد رحمانیہ مسجد طارق روڈ پر ادا کی جائے گی۔