پروٹیز کو دوسرے ون ڈے میچ میں شکست دیکر سیریز میں جاندار کم بیک کرینگے۔ گلین میکسویل
آسٹریلین کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز آل راﺅنڈر گلین میکسویل نے کہا ہے کہ پروٹیز ٹیم کو دوسرے ون ڈے میں شکست دیکر سیریز میں جاندار کم بیک کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ مہمان ٹیم کے ہاتھوں پہلے ون ڈے کرکٹ میچ میں شکست کے باوجود ٹیم کے حوصلے پست نہیں ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ وہ مکمل طور پر فٹ ہیں اور پروٹیز کے خلاف دوسرے میچ کےلئے بے تاب ہیں۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پروٹیز ٹیم اچھا کھیل رہی ہے اور اس کا شمار دنیا کی نامور ٹیموں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم نے مہمان ٹیم کے خلاف دوسرے میچ کے لئے بھرپور تیاری کر رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقہ کو شکست دینا آسان نہیں تاہم اس مقصد کے حصول کے لئے پوری ٹیم کو اس کے خلاف سرتوڑ کوشش کرنا ہوگی۔ واضح رہے کہ پروٹیز ٹیم نے آسٹریلیا کو پہلے میچ میں 6 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر رکھی ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے سیریز کا دوسرا میچ جمعہ کو ایڈیلیڈ میں کھیلا جائیگا۔