مسلمہ اُمہ کو درپیش مسائل سے نکانے کے لیے تمام مسلم ممالک کو مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے: اسپیکر قومی اسمبلی
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے مابین قریبی دوستانہ تعلقات خطے میں امن ، تر قی اور خوشحالی کے لیے ناگزیر ہیں۔ان خیالات کا اظہار اسپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر نے ایران کے سفیر مہدی ہنرمند دوست سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اوراہم علاقائی و عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان ایران کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت دونوں برادر ہمسایہ ممالک کے مابین تعلقات کو مزید وسعت دینے کی خواہش رکھتی ہے۔اسپیکر نے کہا کہ باہمی مفادات کے لیے دونوں ممالک کو تجارت، سر مایہ کاری اور توانائی کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا ہو گا اورپاکستان اور ایران کو امت مسلمہ کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم ممالک کے مابین تعاون کوفروغ دینے کے لیے محرک پارلیمانی سفارتکاری ضروری ہے ۔انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی اہمیت کے حامل معاملات پر دونوں ممالک کو اتفاق رائے سے آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ دونوں برادر اسلامی ممالک کی عوام کو قریب لانے کے لیے ہنگامی سطح پر اقدامات کرنا ہونگے۔ ایران کے سفیر مہد ی ہنرمند دوست نے کہا کہ ایران پاکستان کے ساتھ اپنے دوستانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور خطے میں امن کے لیے پاکستان کو ا شر اکت دار سمجھتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ موثر طرز حکمرانی کے لیے دونوں ممالک کے مابین اداروں کی سطح پر تعاون کوفروغ دینے کی ضرورت ہے ۔ ایران کے سفیر مہدی ہنر دوست نے ایران کے اسپیکر کی جانب سے دسمبر میں ہونے والی دوسری اسپیکرز کانفرنس کے لیے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو کانفرنس میں شرکت کے لیے دعوت نامہ بھی پیش کیا ۔