نیا پاکستان سے متعلق وزیراعظم کی سوچ پوری دنیا میں ابھر کر سامنے آرہی ہے.ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان
اطلاعات و نشریات کے بارے میں معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاہےکہ نیا پاکستان سے متعلق وزیراعظم عمران خان کی سوچ پوری دنیا میں ابھر کر سامنے آرہی ہے۔مختلف ٹویٹس میں انہوں نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام(ف) کے سربرا ہ مولانا فضل الرحمن کو ذاتی مفاد کی عینک اتار کر دیکھنا چاہیے کہ پاکستان کوعالمی سطح پر کسی تنہائی کا سامنا نہیں ہے۔معاون خصوصی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کو خود فریبی سے نکلنا چاہیے اور لوگوں کو مشکلات میں نہیں ڈالنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ عام انتخابات میں عوام کی جانب سے مسترد کئے جانے والے گروہ کا دوبارہ اکٹھا ہوناعوامی مینڈیٹ کی توہین ہے اور انہیں ملک کے جمہوری نظام پر حملہ کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔