مولانا طارق جمیل کی مشاورت سے جیل ریفارمز کر ینگے، فیاض چوہان

وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ مذہبی اسکالر مولانا طارق جمیل کی مشاورت سے جیلوں میں اصلاحات پر کام کریں گے۔ ہفتہ کو وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے مولانا طارق جمیل سے ملاقات می کی ، فیاض الحسن چوہان نے مولانا طارق جمیل کی خیریت اور صحت کے بارے میں دریافت کیا جب کہ مولانا طارق جمیل نے فیاض الحسن چوہان کو جیل خانہ جات کا قلمدان ملنے پر مبارکباد دی۔مولانا طارق جمیل نے صوبائی وزیر برائے جیل خانہ جات کو اسلام میں قیدیوں کے حقوق اور ریاست کے فرائض سے متعلق نصیحت کی۔ ملاقات کے دوران صوبائی وزیر جیل خانہ جات فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ قیدیوں کی پیرول پر رہائی، رحم کی اپیل، خاندان سے ملاقاتوں کے سلسلے میں نرم پالیسیاں حکومت کی ترجیح ہیں، اسلام تمام قیدیوں کوعزت نفس، تعلیم، ذہنی و جسمانی صحت اور مذہبی آزادی دیتا ہے۔