ڈاکٹروں کی ری اپوائنٹمنٹ اوردیگر ایشوز کو فوری حل کیا جائے گا:وزیراعلیٰ پنجاب
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب نے ایڈہاک ڈاکٹروں کو ملازمتوں میں بڑا ریلیف دینے کا اعلان کر دیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار کی خصوصی ہدایت پر ایڈہاک ڈاکٹروں کی ملازمتوں میں ایک برس کیلئے توسیع کی منظوری دے دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے اس اقدام سے 4 ہزار سے زائد ایڈہاک ڈاکٹرز کو حقیقی معنوں میں ریلیف ملے گا۔وزیراعلیٰ نے ایڈہاک ڈاکٹروں کو تنخواہوں کی ادائیگی بروقت یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ایڈ ہاک ڈاکٹروں کی تنخواہوں کی ادائیگی میں حائل رکاوٹوں کودور کرنے کے لئے فوری اقدامات کیے جائیں عثمان بزدار نے ایڈہاک ڈاکٹروں کے مسائل کے حل کیلئے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہاکہ ڈاکٹروں کی ری اپوائنٹمنٹ اوردیگر ایشوز کو فوری حل کیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ ایڈہاک ڈاکٹروں کوآئندہ ری اپوائنٹمنٹ کے حوالے سے مسائل کاسامنانہیں کرناپڑے گا، دکھی انسانیت کی خدمت کرنے والے ڈاکٹرزکے مسائل کا پورا احساس ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہاکہ تحریک انصاف کی حکومت آئندہ بھی ڈاکٹرز کے مسائل کے حل کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھے گی۔