پاکستان تحریک انصاف کا چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے مستعفی ہونے کا مطالبہ

سینیٹ میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی پارلیمانی پارٹی نے چئیرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے استعفے کا مطالبہ کردیا۔
سینیٹ میں پی ٹی آئی اور متحدہ اپوزیشن کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جہاں پارلیمانی کمیٹی کی جانب سے چئیرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان پر قاتلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔سینیٹ میں پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی نےاعلامیہ جاری کرتے ہوئے پی ٹی آئی سربراہ عمران خان پر حملے میں نامزد ملزمان کے خلاف فوری ایف آئی آر درج نہ ہونے پرشدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پارلیمانی پارٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرہ فریق کی درخوست کے مطابق فی الفورایف آئی آر درج کی جائے تاکہ اس حملے کے مرتکب افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔
بیان میں کہا گیا کہ کمیٹی نے چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کی پریس کانفرنس میں کیے گئے چاروں مطالبات کی پرزور تائید کی۔