کراچی میں ٹارگٹ کلنگ اور بدامنی کے واقعات میں آج بھی گیارہ افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا
شہر قائد میں دہشت گردوں کی کارروائیاں جاری ہیں۔ اورنگی ٹاؤن کے علاقے کٹی پہاڑی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔ گلستان جوہر میں خالی پلاٹ سے تشدد زدہ لاش ملی جس کی شناخت نہیں ہوسکی۔ کورنگی ڈھائی نمبر پر نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے پینتیس سالہ شاہد علی کو قتل کردیا۔ تین ہٹی پل کے قریب الیاس گوٹھ میں پچیس سالہ رفیق جان کو گولیاں مار دی گئیں۔ لانڈھی قائد آباد میں نامعلوم دہشت گردوں کی فائرنگ سے تینتیس سالہ تبارک علی جاں بحق ہوگیا۔ لی مارکیٹ اور جمشید ٹاؤن کچرا کنڈی سے تین افراد کی لاشیں برآمد ہوئیں جن کی شناخت نہیں ہوسکی۔ فریئر کے علاقے ریلوے کالونی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا جبکہ پاپوش نگر میں فائرنگ سے زخمی تیس سالہ محمد حسین ہسپتال جاتے ہوئے دم توڑگیا۔ اورنگی ٹاون ایک نمبر میں فائرنگ کے واقعہ میں شہری جمال عبدالناصر ہلاک ہوگیا جبکہ اورنگی ٹاون چشتی نگر میں فائرنگ کے واقعہ میں دو افراد نہال اور نورالٰہدی جاں بحق ہوگئے۔ اورنگی ٹاون سات نمبر میں فائرنگ کے واقعہ میں بس ڈرائیور رحیم ہلاک ہوگیا۔ کنواری کالونی میں مسلح افراد نے فائرنگ کرکے محمد عمران کو قتل کردیا۔ میوہ شاہ قبرستاں سے دو افراد کی ہاتھ پاؤں بندھی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔