جماعت اسلامی کراچی نے حکومت سے توہین رسالت پر عالمی قانون سازی کے لیے دنیا بھر میں وفود بھیجنے کا مطالبہ کیا ہے۔
کراچی میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام ناموس مصطفٰی مارچ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ مارچ میں لوگوں کی کثیر تعداد میں شرکت کے باوجود کسی قسم کی بدنظمی دیکھنے میں نہیں آئی۔ مظاہرین نے گستاخانہ فلم بنانے والوں اور امریکہ کے خلاف شدید نعرے لگائے۔ مارچ سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی محمد حسین محنتی نے کہا کہ یورپ اور امریکا میں جانوروں کے حقوق کے لیے قوانین موجود ہیں لیکن مقدس ہستیوں کی شان میں گستاخی سے روکنے کے لیے کوئی قانون نہیں۔ امیر جماعت اسلامی سندھ اسد اللہ بھٹو نے کہا کہ حکومت نے ناموس رسالت کے حوالے سے اپنا فرض ادا نہیں کیا اور صرف زبانی جمع خرچ سے کام چلایا ہے۔ انہوں نے امریکی سفیر کو ملک سے نکالنے اور توہین رسالت کے خلاف عالمی قانون سازی کے لیے سفارتی کوششوں کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے ممتاز قادری کی رہائی کے لیے بھی تحریک چلانے کا اعلان کیا۔