اسلام آباد کے شہریوں کیلئے پراپرٹی ٹیکس میں 200فیصد اضافہ کا نوٹیفیکیشن معطل
اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے اسلام آباد کے شہریوں کے لئے پراپرٹی ٹیکس میں 200فیصد اضافہ کا نوٹیفیکیشن معطل کر دیا۔ میٹروپولیٹن کو شہریوں سے اضافی ٹیکس کی وصولی سے روک دیا گیا۔مئیراسلام آباد شیخ عنصر عزیز نے شہریوں سے پراپرٹی ٹیکس میں200گنا اضافہ کافیصلہ کیا تھا۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے میئراسلام آباد میٹروپولیٹن کارپوریشن کو نوٹس جاری کر دیا ہے۔جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر میاں محمد اسلم نے مئیراسلام آبادکی طرف سے شہریوں سے پراپرٹی ٹیکس میں 200گنا اضافہ کرنے کے فیصلہ کو اسلام آباد ہائی کورت میں چیلنج کیا تھا۔ جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل ایک رکنی بینچ نے میئر اسلام آباد کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن معطل کر دیا ہے اور میٹروپولیٹن کارپوریشن کو شہریوں کے خلاف کارروائی سے روک دیا ہے۔عدالت نے میئر اسلام آباد، چیئرمین سی ڈی اے اور دیگرفریقین سے دو ہفتے میں جواب طلب کر لیا ہے۔