وزرا جو مرضی کہیں غداری کے مقدمے کے پیچھے وزیراعظم ہیں:شاہد خاقا ن عباسی
مسلم لیگ ن کےرہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقا ن عباسی نے کہا ہے کہ وزرا جو مرضی کہیں غداری کے مقدمے کے پیچھے وزیراعظم ہیں، عمران خان بطور گواہ مقدمے میں نام شامل کرا لیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ملک میں غداری کا سلسلہ چل رہا ہے،غدار کون ہے پرچہ کس نے دیا ہے،آج تیسرا دن ہے غدار کہنے والے وزرا غائب ہیں،نئی کہانی آئی ہے کہ ہمیں نہیں پتہ کس نے پرچہ دیا،ان سے گزارش ہے کہ یہ بھی پرچےمیں شامل ہو جائیں،آج سارا پاکستان رو رہا ہے،مودی اور بھارت ہنس رہا ہے،پاکستان کے عوام کو دکھاؤ غدار کون ہے؟ میرا چیلنج ہے کہ وزرا آئیں اور غداروں کو گرفتار کروائیں،غدار وہ ہوتے ہیں جو ملک کی معیشت تباہ کرتے ہیں، ایسے پرچے پاکستان میں پہلے بھی بنے ہیں لیکن اس سطح کے نہیں بنے،آزاد کشمیر کے وزیراعظم کو غدار قرار دے دیا گیا، پاکستان میں پہلےبھی مقدمات بنے لیکن سابق وزرائے اعظم کو شامل نہیں کیا گیا، آپ دنیا کے سامنے کون سا مقدمہ لڑیں گے،پوچھنا چاہتا ہوں کہ حب الوطنی کا سرٹیفکیٹ کہاں سے ملتا ہے؟ وزیراعظم رہنے کے بعد حب الوطنی سرٹیفکیٹ کے لیے اپلائی کرنا پڑے گا، کابینہ اجلاسوں میں پرچوں کی باتیں ہوتی ہیں، یقین سے کہتاہوں شاہدرہ کا پرچہ عمران خان کے کہنے پر درج ہوا، میں بھی ایک پرچہ درج کرانا چاہتا ہوں،میرا پرچہ عمران خان کے خلاف ہو گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم کو پتا نہیں ہے آٹا 75 سے80 اور چینی 110 روپے میں بک رہی ہے،وزیراعظم کو علم ہی نہیں انہوں نے دوسالوں میں کتنا قرض لیا،2سال میں اتنے قرضے لیے جو پچھلے 10سال میں نہیں لیے گئے،بے خبر وزیراعظم نے عندیہ دیا کہ سردیوں میں گیس کی لوڈ شیڈنگ ہو گی،ان لوگوں کو علم ہی نہیں کہ آج ہم دنیا میں اکیلے ہیں،آج کوئی وزیر عوام کی تکلیف ،مشکل اور پاکستان کے مسائل کی بات نہیں کرتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیب کو بھی سیاسی انتقام کےلیے استعمال کیا جا رہا ہے،ہم اپنی سیاست کے لیے نہیں عوام کے لیے نکلے ہیں، شہباز شریف ،پی ڈی ایم ،اے پی سی سے کون خوفزدہ تھا؟ پی ڈی ایم پاکستان کے مسائل حل کرنےکے لیے بنی ہے۔