نیب آرڈیننس وزرا ،مشیروں کو بچانے کا منصوبہ ہے۔ شازیہ مری
پیپلز پارٹی کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات شازیہ مری نے کہا ہے کہ نیب آرڈیننس وزرا اور مشیروں کو بچانے کا منصوبہ ہے۔انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ موجودہ چیئرمین نیب حکومتی وزرا اور مشیروں کو ریلیف دے کر متنازع ہوچکے ہیں، عمران خان کا ہیلی کاپٹر کیس، مالم جبہ سکینڈل، پشاور بی آر ٹی، راولپنڈی رنگ روڈ سمیت کسی سکینڈل پر کوئی ایکشن نہیں ہوا اور آرڈیننس کے ذریعے پنڈورا پیپرز میں شامل حکومتی ارکان کو ریلیف دینے کی تیاری ہے۔انہوں نے کہا کہ اس آرڈیننس میں چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے کو بھی متنازع بنایا جا رہا ہے،اس آرڈیننس کے ذریعے چیئرمین نیب کی مدت میں توسیع آئین اور قانون کی توہین ہے، ایسی کون سی مجبوری یا ایمرجنسی ہے جو آرڈیننس کے ذریعے توسیع دی جا رہی ہے، احتساب سب کا ایک جیسا ہونا چاہیے جو اس آرڈیننس میں ہوتا نظر نہیں آرہا۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی آئین اور قانون کی روح کے خلاف ہونے والے ہر فیصلے کو مسترد کرتی ہے۔