11اکتوبر سے تعلیمی ادارے معمول کے مطابق کھولنے کا فیصلہ
حکومت نے11اکتوبر سے تعلیمی اداروں کو معمول کے مطابق کھولنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کر لیا۔وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اور نینشل کمانڈ اینڈ آپریشنز سنٹر(این سی او سی)کے سربراہ اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ ملک بھر میں کورونا وائرس پھیلائو کم ہو گیا ہے۔ٹویٹر پر انہوں نے مزید لکھا کہ 50فیصد حاضری کی شرط ختم کر دی گئی، کورونا وائرس کے پھیلائو میں کمی کے باعث این سی او سی نے تعلیمی اداروں کو معمول کے مطابق کھولنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ 11اکتوبر سے تعلیمی ادارے معمول کے مطابق کھول جائیں گے۔تعلیمی اداروں میں کورونا سے بچاو کے احتیاطی تدابیر پر عمل لازمی ہوگا۔ صوبائی اور ضلعی سطح پر مانیٹرنگ ٹیمیں ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنائیں گی۔تعلیمی اداروں میں کورونا سے بچا ئوکیلئے اسپرے کیے گئے ہیں اور احتیاطی تدابیر کے بینرز بھی آویزاں ہیں۔بیماری کا پھیلائو روکنے کے لیے سماجی دوری اپنائی جائے گی۔ اسکول میں بچوں کو ہاتھ دھونے کی ترغیب دی جائے گی اور اس کو یقینی بنانا تعلیمی اداروں ذمہ داری ہوگی۔بچوں میں کھانسی یا بیماری کی علامات ظاہر ہونے پر والدین انہیں اسکول ہر گز نہ بھیجیں۔ طبیعت زیادہ خراب ہو تو ٹیسٹ کرائیں، کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر فوری اسکول انتظامیہ کو آگاہ کریں۔کسی بھی شخص کو درجہ حرارت چیک کیے بغیر تعلیمی اداروں میں داخل ہونے نہیں دیا جائے گا۔ بچے کسی سے ہاتھ نہیں ملائیں گے اور اسکول میں جھولا بھی نہیں جھولیں گے۔ محکمہ تعلیم کی مختلف ٹیمیں اسکولوں کا دورہ کریں گی اور ایس او پیز پر عملدرآمد کاجائز لیں گی۔