دہشتگردوں کیخلاف آپریشن میں توقع سے بڑھ کر کامیابیاں حاصل ہوئیں: نواز شریف
وزیراعظم کی زیرصدارت اسلام آباد میں ہونیوالےاتحاد تنظیم المدارس کے اجلاس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور وفاقی وزراء نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ وہ نیشنل ایکشن پلان پر ان سے مشاورت کرنا چاہتے ہیں۔ حکومت اور سکیورٹی ادارے نیشنل ایکشن پلان کے تحت بیس نکاتی ایجنڈے پرعمل پیرا ہیں ۔ نواز شریف نے کہا کہ ملک سے دہشتگردی کو جڑسے اکھاڑنے کیلئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہو گا۔ شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کے خلاف جنگ کامیابی سے جاری ہے۔ آپریشن ضرب عضب میں امید سے بڑھ کر کامیابیاں حاصل ہوئی ۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمارے باہمی تعاون سے ہی ملک برائیوں سے پاک ہو سکتا ہے۔ پورے ملک میں امن کا قیام ہماری اولین ترجیح ہے۔ آئندہ نسلوں کیلئےملک کومحفوظ بنانےکیلئے تمام طبقہ فکر کے لوگوں کو ایک دوسرے سےتعاون کرنا ہوگا ۔