سیاسی مداخلت: فلسطینی سپریم کورٹ کے ججوں نے اجتماعی استعفے دیدیئے.

فلسطینی اتھارٹی کی جانب سے عدلیہ کے امور میں سیاسی مداخلت پر فلسطینی سپریم کورٹ کے ججوں نے بطور احتجاج اجتماعی طور پر استعفیٰ دیدیا ۔مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق سپریم کورٹ کے کئی سینئر ججوں نے جوڈیشل کلب کے چیئرمین کے اقدامات، عدالتی امور میں سیاسی مداخلت اور عدلیہ کی آزادی میں رخنہ ڈالنے کی کوششوں پر کئی ججوں نے اجتماعی استعفیٰ دیا ۔فلسطینی ججوں کی نمائندہ تنظیم کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ججوں نے جوڈیشل ڈویلپمنٹ کمیٹی کی طرف سے ججوں کے حوالے سے نئی سفارشات جاری کرنے پر بطور احتجاج ججوں نے استعفے دیئے ۔بیان میں کہا گیا کہ فلسطینی سپریم کورٹ کے ججوں نے رام اللہ میں الریٹنو ہوٹل میں ایک اجلاس منعقد کیا جس میں فلسطینی اتھارٹی کی سیاسی مداخلت پر بطور احتجاج اجتماعی استعفے دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ججوں نے فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس سے مطالبہ کیا کہ وہ جوڈیشل ڈویلپمنٹ کمیٹی کے اقدامات اورفیصلوں کا نوٹس لیتے ہوئے عدلیہ کی آزادی کی راہ میں رخنہ ڈالنے کی کوششوں کے خلاف سخت کارروائی کریں اور فلسطین میں عدلیہ کو آزاد اور خود مختار بنانے کے لیے اپنی آئینی ذمہ داریاں پوری کریں۔