کشمیر میں جنگ ہوئی توپوری دنیا پر اس کے اثرات مرتب ہونگے۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر
وزیر اعظم آزا د جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان نے کہا ہے کہ کشمیر کے مسئلے پر جنگ ہوئی توپوری دنیا پر اس کے اثرات مرتب ہونگے ۔ امن پسندوں کو اس مسئلے کے حل کےلئے آگے آنا ہوگا۔ ان تمام لوگوں کا شکرگزار ہوں جنہوںنے انسانیت کا ساتھ دیا۔بھارتی جارحیت دنیا کے امن کےلئے خطرہ ہے ۔ حکومت پاکستان موثر طریقے سے ہماری وکالت کررہی ہے ۔ برطانیہ میں بھارتی ظلم و بربریت کے خلاف حالیہ مظاہرں سے جس طرح کشمیریوں کی آواز بلند ہوئی ہے وہ ایک تاریخ ساز کارنامہ ہے ۔کشمیر کے مسئلے پر ہم میں کوئی اختلاف نہیں ہم سب ملکر کشمیریوں کے حق کےلئے جدوجہد جاری رکھیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے برمنگھم سٹی کونسل میں ” مسئلہ کشمیر کا پرامن حل“ کے عنوان سے منعقدہ سمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سمینار میںچوہدری محمد یاسین ، برمنگھم سٹی کونسل کے ممبر راجہ وسیم ظفر، جنرل سیکرٹری آل پارٹیز کشمیر کوآرڈینیشن کمیٹی یوکے راجہ امجد خان، امیر جمعیت علماءاسلام آزادکشمیر مولانا سعید یوسف ودیگر نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر راجہ محمد فاروق حیدرخان نے مزید کہا کہ بھارتی جبر و استبداد کشمیریوں کے جذبہ آزاد ی کو کم نہیں کر سکتے، کشمیری اس وقت تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے جب تک وہ بھارتی تسلط سے آزادنہیں ہو جاتے ۔ وزیر اعظم اور لیڈر آف دی اپوزیشن نے اس موقع پر شرکاءکو مقبوضہ کشمیر کی تازہ صورتحال کے حوالہ سے بھی بریف کیا۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں 5اگست کے بعد مسلسل لاک ڈاﺅن ہے ۔ کرفیو کی وجہ سے شہری اپنے گھروں میںمحصور ہیں۔ وہاں خوراک اور ادویات اور دیگر بنیادی ضروریات زندگی کی قلت ہے ۔ لوگوںکو گھروں سے باہر آنے کی آزادی نہیں۔ بھارت نے مقبوضہ وادی کو جیل میں تبدیل کر دیاہے ۔ انہوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیر کا حل عالمی امن کےلئے انتہائی ضروری ہے ،مسئلہ کشمیر پر اگر جنگ ہوئی تو پوری دنیا اس کی لپیٹ میں ہو گی ۔