ملک بھرمیں یوم فضائیہ آج قومی جوش وجذبے سےمنایاجارہاہے
ملک بھرمیں یوم فضائیہ آج ( پیر ) قومی جوش وجذبے سےمنایاجارہاہے ، یہ دن 1965 کی جنگ میں بھارتی جارحیت کے خلاف ملک کی فضائی حدود کادفاع کرنے والے جانبازوں کی یادمیں منایاجاتاہے۔ یوم فضائیہ کے حوالے سے کراچی میں پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید نشان حیدر کے مزارپر تقریب منعقد ہوئی، ان کی قبر پر پھول چڑھائے گئے اور فاتحہ خوانی کی گئی ۔ پاک فضائیہ کے چاق چوبند دستے نے سلامی پیش کی ۔ ایئر آفیسر کمانڈنگ سدرن ایئر کمانڈ عباس گھمن تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ انہوں نے راشد منہاس شہید کے مزار پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ ملک بھر میں اس حوالے سے تقریبات منعقد ہوں گی جبکہ ملک کے تمام ہوائی اڈوں پرجنگ ستمبر کے حوالہ سے پروگرامز انعقاد پذیرہونگے جس میں تمام افواج اور دیگرادارے شرکت کرینگے۔ پاکستانی فضائیہ کا شمار دنیا کی دس بہترین فضائی فورسز میں ہوتا ہے، اسی فورس کے جانبازوں نے 1965 کی جنگ میں وطن عزیز کی حفاظت کے لیے جرأت و بہادری کی لازوال داستانیں رقم کیں ۔ 1965 کی جنگ میں بہادرپاکستانی ہوابازوں نے محدود وسائل کے باوجود نہ صرف بھارت کی فضائی جارحیت کوناکام بنایا بلکہ اپنی غیرمعمولی جنگی مہارت اوربہادری سے بھارت کو ذلت آمیز شکست دی۔ پاک فضائیہ کے ماہرہواباز محمد محمودعالم جوایم ایم عالم کے نام سے مشہورہیں نے ایک منٹ سے بھی کم وقت میں بھارتی فضائیہ کے پانچ لڑاکاجہازمارگرائے جو آج تک ایک ریکارڈ ہے ۔