ہم پر کوئی دھمکی اثر انداز نہیں ہوسکتی، آرمی چیف
آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کا یوم فضائیہ کے موقع پر کہنا ہے کہ ہمیں نئے حاصل شدہ اسلحے کے انبار سے مرعوب نہیں کیا جا سکتا اور نہ ہی ہم پر کوئی دھمکی اثر انداز نہیں ہوسکتی۔ جنرل قمرجاوید باجوہ نے راولپنڈی میں جی ایچ کیو میں منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران کہا ہے کہ افواج پاکستان پوری قوت سے لیس، چوکنا اور باخبر ہیں، ان شاء اللّٰہ دشمن کی کسی بھی حرکت کا فوری، پوری قوت سے جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔ جنرل قمرجاویدباجوہ نے کہا ہے کہ وقت ہمیں کئی بار آزما چکا، ہم ہر بار سرخرو ہوئے ہیں، پاکستان ایک پر امن ملک ہے، ہم پر جنگ مسلط کی گئی تو ہم اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک افواج اپنی قوم کی حفاظت اور خدمت فریضہ سمجھ کر انجام دیتی ہے، وطن کی آزادی اور سلامتی ہمار نصب العین ہے، پچھلے 20 سال میں ہم بڑی آزمائشوں سے گزرے ہیں، کورونا اور ٹڈی دل جیسےآفات کا بھی سامنا رہا، آزمائشوں میں سینہ تان کر ڈٹ گئے۔ آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ہمارے ہمسایہ ملک ہندوستان نے ہمیشہ کی طرح ایک غیر ذمے دارانہ رویہ اختیار کر رکھا ہے، مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کیا گیا، اس غیرقانونی اقدام نے خطے کے امن کو ایک مرتبہ پھر شدید خطرات سے دوچار کر دیا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ جموں و کشمیر بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ مسئلہ ہے، اس حوالے سے ہم کسی بھی یکطرفہ فیصلے کوتسلیم نہیں کرتے۔ جنرل قمرجاویدباجوہ کا بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ سے متعلق بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ قائداعظم محمد علی جناح ؒنے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قراردیا تھا، قائد اعظم کے اس قول کا ہر لفظ ہمارے لیےاہم اور ایمان کاحصہ ہے، اس حوالےسےہم کسی لچک کا مظاہرہ نہیں کریں گے