وفاقی کابینہ کا اجلاس منگل کو طلب، پاکستان میں فیری سروس کے آغاز کی منظوری کا امکان
وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ اجلاس منگل ہو گا، جس میں پاکستان میں فیری سروس کے آغاز اورماس ٹرانزٹ اتھارٹی آرڈیننس کی منظوری دی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ اجلاس منگل ہو گا، جس میں ملکی سیاسی اور معاشی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا اور اہم معاشی اشاریوں پر بریفنگ دی جائے گی ۔ اسلام آباد:کابینہ اجلاس کا 15 نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا ہے ، کابینہ کمیٹی قانون سازی کا دائرہ کار بڑھانے کامعاملہ ایجنڈے میں شامل ہیں جبکہ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی آرڈیننس اور چیئرمین فیڈرل ایجوکیشن بورڈکی تعیناتی کی منظوری دی جائےگی۔ پورٹ قاسم کراچی پرایل این جی ٹرمینل کے قیام اور پاکستان میں فیری سروس کے آغاز کی منظوری ایجنڈے کا حصہ ہے جبکہ نیپراسالانہ رپورٹ 19-2018اور انڈسڑی رپورٹ 2019 پیش کی جائے گی۔ کابینہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں اور کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے فیصلوں کی توثیق کرے گی جبکہ آرٹیکل 147 کے تحت رینجرز کو فرائض سونپنے کا معاملہ ایجنڈے میں شامل ہیں۔ اجلاس میں مارگلہ روڈ اسلام آباد پر تجاوزات سے متعلق اور پبلک اینڈ پرائیویٹ تعمیرات کاجائزہ اور پیپرا رولز پر بریفنگ دی جائے گی جبکہ سی ڈی اے اورمیونسپل کارپوریشن اسلام آباد میں کام کی تقسیم پر غور ہو گا اور اسلام آباد میں بجلی میٹرزکی تنصیب کےکابینہ 2005 کے فیصلے پر نظر ثانی کی جائےگی۔