احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں فواد حسن فواد پر فرد جرم عائد کر دی
لاہور(اپنے نامہ نگار سے)احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں فواد حسن فواد پر فرد جرم عائد کر دی ہے. احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے سابق پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد کے اہلخانہ پر بھی فرد جرم عائد کی. ملزمان میں فواد حسن فواد، رباب حسن، وقار حسن اور انجم حسن شامل ہیں ,عدالت نے آئندہ سماعت پر ملزمان کے خلاف بیانات ریکارڈ کرنے کے لیے گواہان کو طلب کر لیا ہے. عدالت نے بریت کی درخواستیں واپس لینے پر ملزمان پر فرد جرم عائد کی.رواں سال کے آغاز پر لاہور ہائی کورٹ نے کوئی بھی غیر قانونی پراپرٹی ثابت نہ ہونے پر فواد حسن فواد کی ضمانت منظور کر لی تھی.سابق وزیر اعظم نواز شریف کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد کے خلاف مبینہ کرپشن کا دوسرا ریفرنس مارچ2019میں نیب لاہور نے دائر کیا تھا ‘ ریفرنس مبینہ طور پر آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں داخل کیا گیا تھا, ریفرنس میں نیب نے کہاتھا کہ فواد حسن فواد نے مبینہ طور پر ایک ارب 9 کروڑ روپے مالیت کے غیر قانونی اثاثے بنائے. نیب نے ریفرنس میں کہا تھا کہ ان کے مبینہ آمدن سے زائد اثاثہ جات میں راولپنڈی کے علاقے صدر میں 5 کینال رقبے کا کمرشل پلاٹ بھی شامل ہے جس کی موجودہ مالیت لگ بھگ 50 کروڑ روپے ہے.