قانون کی حکمرانی نہ ہونے سے ملک پیچھے رہ گیا،عمران خان
ڈسٹرکٹ کورٹس عمارت کے سنگ بنیاد کی تقریب، وزیر اعظم عمران خان کا تقریب سے خطاب کہتے ہیں قانون کی حکمرانی نہ ہونے کی وجہ سے ملک پیچھے رہ گیا، مہذب معاشرہ طاقتور کو قانون کے نیچے لے کر آتا ہے۔ پرویزمشرف نے این آر او دے کر ملک پر بڑا ظلم کیا، اب بھی سارے اکھٹے ہوکر ان سے این آر او مانگ رہے ہیں اور کہتے ہیں کہ حکومت نہیں چلنے دیں گے۔ وزیراعظم عمران خان نے ڈسٹرکٹ کورٹس عمارت کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 25 سال پہلے پارٹی کا نام تحریک انصاف رکھا، ملکی صورتحال دیکھ کر سیاست میں آیا، 1985 کے بعد ملک بڑی تیزی سے نیچے گیا، بنگلادیش اور بھارت پاکستان سے آگے نکل گئے، قانون کی حکمرانی نہ ہونے سے ہم پیچھے رہ گئے۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ عدلیہ آزادی کے وہ نتائج نہیں آئے جو آنے چاہیے تھے، طاقتور ہمیشہ قانون سے اوپر رہنا چاہتا ہے، ملک آزاد عدلیہ کی وجہ سے ہی ترقی کرسکتا ہے، کمزور کو انصاف چاہیے، طاقتور قانون سے اوپر ہے۔ قبضہ مافیا کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان کا سب سے بڑا اثاثہ اوورسیز پاکستانی ہیں، قانون کی وجہ سے برطانیہ میں قبضہ گروپ نہیں ہیں، پاکستان میں قانون کی بالا دستی نہیں اس لئے قبضہ گروپ متحرک ہیں۔ کمزورکو طاقتورسے تحفظ چاہیے ہوتا ہے۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ اطہر من اللہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سستا اور فوری انصاف ہر شہری کا بنیادی حق ہے، قانون کی بالا دستی ہوگی تو غریب طبقات کے حقوق کا تحفظ ہوگا، وکلا اور ججز کئی دہائیوں سے ضلعی عدالتوں کی عمارت کے منتظر تھے۔ سستا اور فوری انصاف ریاست کی ذمہ داری ہے، ضلعی عدالتیں کمزور طبقات، سائلین کیلئے انتہائی ضروری ہیں۔