کراچی: کینٹ بورڈ انتخابات ،ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پرالیکشن کمیشن کا نوٹس
کینٹ بورڈ انتخابات کے دوران کراچی میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر الیکشن کمیشن آف پاکستان نے نوٹس لے لیا۔الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر برائے میری ٹائم افیئرز سید علی حیدر زیدی اورپی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے دو ارکان سندھ اسمبلی فردوس شمیم نقوی اور بلال غفار کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔ جبکہ الیکشن کمیشن نے پاکستان پیپلز پارٹی سے تعلق رھنے والے دو امیدواروں کو بھی شو کاز نوٹس جاری کردیئے ہیں۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹس میں کہا گیا ہے کہ سید علی حیدر زیدی نے خلاف ضابطہ پارٹی امیدوار کو فنڈز جاری کئے اور انتخابی مہم کا حصہ بنے۔ الیکشن کمیشن نے سید علی حیدر زیدی سے دو روز میں جواب طلب کر لیا ہے۔ جبکہ الیکشن کمیشن نے پی پی امیدواروں فاروق علی اور منظور علی کو خلاف ضابطہ جاری ترقیاتی کا م روکنے کا حکم دیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیاں کنٹونمنٹ بورڈ فیصل میں ہوئی ہیں۔