کوئٹہ:پولیس کی منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی،8منشیات فروش ہلاک
کوئٹہ کے سرکلر روڈ کے قریب سٹی نالہ میں پولیس کی منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی میں فائرنگ کے تبادلے میں 8 مبینہ منشیات فروش ہلاک ہو گئے۔پولیس حکام کے مطابق شہر میں منشیات کے عادی افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد سٹی نالے میں کاروائی کا فیصلہ کیا گیا، منشیات فروشوں کے خلاف آپریشن کے دوران جیسے ہی پولیس کے جوان نالے میں اترے ملزمان کی جانب سے فائرنگ شروع کر دی گئی۔پولیس کی جوابی کارروائی کی فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں 8 مبینہ منشیات فروش مارے گئے، جس کے بعد پولیس نے سٹی نالہ میں قائم کئی عارضی اڈے مسمار کر کے ان سے بڑی تعداد میں اسلحہ ومنشیات برآمد کر لی۔ مقابلے کے دوران ہلاک منشیات فروشوں کی لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لیے سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ تحقیقات جاری ہیں۔