متاثرین کیساتھ ہیں ، سیاست سے بالاتر ہوکر عوام کی خدمت کررہے ہیں : وزیراعظم
وزیراعظم نے سیلاب متاثرہ علاقوں کے دورہ کے موقع پر متاثرین کیلئے جاری امدادی سرگرمیوں اور سگو پل کی بحالی کے کام کا جائزہ لیا ۔ وزیراعظم کو کمشنر اور شاہراہوں کے قومی ادارے کے حکام نے سگو پل پر گاڑیوں کی آمدورفت کی بحالی کیلئے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی، سگو پل ڈیرہ اسماعیل خان کو بلوچستان کے علاقے کچلاک کے ساتھ ملانے والی قومی شاہراہ این 50 پر واقع ہے ، پل کو حالیہ سیلاب کی وجہ سے نقصان پہنچا تھا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیلا ب نے ملک بھر میں تباہی مچائی۔ وقت مشکل ہے مگر سب مل کر ان حالات سے نکل جائیں گے ۔ آج میں ایک بار پھر سیلابی صورتحال کے جائزہ کیلئے ڈی آئی خان حاضر ہوا ہوں ، وفاقی، صوبائی ادارے اور افواج پاکستان عوام کی خدمت کیلئے حاضر ہیں جس پر انتظامیہ اور افواج پاکستان کا شکریہ ادا کرتا ہوں ، حالیہ مشکل حالات میں انتظامیہ اور افواج نے خدمت انسانیت کی خاطر اپنا کردار ادا کیا۔ٓ ان کاکہنا تھا کہ کچھ دن قبل قمبر شہداد کوٹ کا دورہ کیا ایسا محسوس ہوا جیسے سمندر ہر جانب پھیلاہوا ہو اور سوات میں جو صورتحال دیکھی اس میں انسانی غلطی کا زیادہ عمل دخل تھا ۔ سوات میں دریا کے پیٹ میں تعمیر کیے گئے ہوٹلز سیلاب میں بہہ گئے اور اسی طرح انڈس ویلی میں لوئر کوہستان میں نقصان پہنچا ۔ 5 افراد رسے کسے ہوئے کھڑے رہے اور چار پانچ گھنٹے تندوتیز لہروں کا مقابلہ کرتے رہے بالآخر اللہ کو پیارے ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومت نے وسائل برباد کیے اور تفصیل میں جانے کا آج موقع نہیں ہے ، سیاست چھوڑ کر خدمت کے فرض کو نبھانا ہے ۔ گزشتہ روز کابینہ اجلاس میں سیلاب سے ہوئے نقصانات کا محتاط اندازہ لگایا۔ وفاقی کابینہ اجلاس میں بتایا گیا کہ سیلاب سے نقصانات کا تخمینہ 28 ارب سے بڑھ کر 70 ارب ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ جوں جوں سیلاب کی تباہی بڑھتی گئی تو نقصانات کا تخمینہ بھی بڑھتا گیا ۔ سیلاب سے لاکھوں ایکڑ لگی فصل، کپاس، چاول سب تباہ ہو گئیں ۔ خوشی ہوئی کہ آرمی چیف یہاں تشریف لائے تھے۔ انہوں نے کہا یہ پل بنایا جائے۔ این ایچ اے، چیئرمین این ایچ اے اور باقی سب لوگ کام کر رہے ہیں۔