کراچی کے علاقے دہلی کالونی سے انسانی اعضا ملے۔

کراچی کے علاقے شیر شاہ میں پنکھا ہوٹل کے قریب فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ پہلوان گوٹھ میں گاڑی سے ایک شخص کی لاش ملی، جبکہ دہلی کالونی میں بیگ سے انسانی اعضا ملے ہیں۔ پولیس کے مطابق گزشتہ روز سعید آباد، اورنگی ٹاون پاکستان بازار میں کارروائی کے دوران 3ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ۔دہلی کالونی سے ایک بیگ برآمد ہوا، جس میں انسانی اعضا تھے۔ پولیس کے مطابق گزشتہ روز اسی مقام سے ایک لاش ملی تھی اور ملنے والے اعضا اسی لاش کے ہوسکتے ہیں۔ادھر پہلوان گوٹھ کے قریب کار سے ایک مرد کی لاش ملی ہے، جس پر زخم کا کوئی نشان نہیں۔ پولیس کے مطابق 2دن پہلے مبینہ ٹاون تھانے میں عبدالصمد نامی شخص نے اپنے بھائی کی گاڑی سمیت لاپتہ ہونے کی رپورٹ درج کرائی تھی۔دوسری جانب شیر شاہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص مارا گیا۔ بلدیہ ٹاون سعید آباد میں کرایہ داری کوائف جمع نہ کرانے پر پولیس نے ایک شخص کو گرفتار کرلیا۔اورنگی ٹاون میں بھی پولیس نے کارروائی کرکے2 ملزمان کو منشیات سمیت گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔