چین کورونا وائرس کے خلاف جنگ جیت گیا
چین کورونا وائرس کے خلاف جنگ جیت گیا، کورونا کے مرکز ووہان میں76 روزسے جاری لاک ڈاؤن ختم ہو گیا اور شہر میں زندگی لوٹ آئی۔ تفصیلات کے مطابق چین نے دنیا بھرمیں قیامت ڈھانے والے جان لیوا کورونا وائرس کو مات دےدی ۔ کورونا وائرس کے پہلے گڑھ ووہان شہرکوکورونا سے پاک کر دیا گیا، چینی حکام نے ووہان میں 76 روزسے جاری لاک ڈاؤن بلآخر ختم کردیا۔ ووہان شہر میں عمارتیں روشنیوں سے جگمگا اٹھیں۔ شہر میں فلائٹ آپریشن بحال اور ٹرینوں کی آمدورفت بھی شروع ہوگئی۔ سڑکوں پرٹریفک بھی رواں دواں ہے۔کورونا وائرس کے خلاف خوفناک جنگ لڑنےوالے ووہان کے مکینوں کو دوسرے شہروں میں آنے جانے کی مشروط اجازت بھی مل گئی۔ واضح رہے کہ چین میں 3300 سے زائد افراد کی زندگیاں نگلنے والے کورونا وائرس کی وبا پھوٹنے کے بعد ووہان میں 23 جنوری کو لاک ڈاؤن کیا گیا تھا۔ چین کے دیگر شہروں کی صورتحال بھی معمول پر آنے لگی۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران چین میں کورونا کا کوئی نیا کیس رپورٹ نہ ہوا۔ شاندار کامیابی پرچینی عوام کی جانب سے طبی عملے کوزبردست خراج تحسین پیش بھی کیا گیا۔