ڈاکٹروں کی لاپرواہی 10 نومولود کرونا وائرس کا شکار ہوگئے۔

رومانیہ میں محکمہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ ملک کے مغربی شہر تیمی شوارا میں ایک چلڈرن اسپتال میں پیدا ہونے والے 10 نومولود کرونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں۔ رومانی وزارت صحت نے اس واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ رومانوی وزیر صحت نیلو تاتارو نے سوموار کی شام کو بتایا کہ اسپتال میں پیدا ہونے والے بچوں کے کرونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں جب کہ ان کی مائوں کے ٹیسٹ منفی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بچوں کو یہ وائرس اسپتال کے عملے کے ذریعے لاحق ہوا ہے۔ وزیر صحت کا کہنا تھا کہ کرونا کا شکار ہونے والے نومولود بچوں میں سے 9 کو ان کے گھروں کو بھیج دیا گیا ہے اور ان کی حالت خطرے سے باہر ہے جب کہ ایک بچے کو اسپتال میں رکھا گیا ہے۔ بچوں کی مائوں کے کرونا کے ٹیسٹ دوبارہ کیے جائیں گے۔