این اے 249: مراد سعید کا انتخابی مہم میں حصہ لینے کا اعلان

کراچی: وفاقی وزیر مراد سعید نے وفاقی وزراء کی مہم میں شمولیت سے متعلق الیکشن کمیشن کے انتباہ کے حوالے سے کہا ہے کہ میرے کراچی پہنچنے سے پہلے بیان جاری کر دینا سمجھ سے باہر ہے۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے حلقہ این اے 249 کی ضمنی انتخابی مہم کے حوالے سے الیکشن کمیشن کے انتباہ پر وفاقی وزیر مراد سعید نے کہا کہ ہم آئینی اداروں کا احترام کرتے ہیں لیکن قانون سب کیلئے برابر ہونا چاہیئے۔ الیکشن کمیشن اپوزیشن ارکان کو کھلی چھوٹ دے کر ہمارے ہاتھ پاؤں باندھ رہا ہے۔وفاقی وزیر مواصلات نے کہا کہ اسمبلی میں ہوں تو اپوزیشن ارکان ایوان سے بھاگتے ہیں، اب کراچی آنے سے بھی خوفزدہ ہیں، الیکشن کمیشن سیاسی جماعتوں کو لیول پلینگ فیلڈ دے، ساتھ ہی مراد سعید نے جمعہ سے کراچی میں انتخابی مہم میں شریک ہونے کا اعلان کیا ہے۔