سپریم کورٹ کے فیصلے نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔شیری رحمان

پاکستان پیپلزپارٹی کی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کردیا ہے۔ سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک جاری کردہ بیان میں شیری رحمان نے کہا کہ آئین کی بالادستی اور جمہوریت کے استحکام کے لئے نظریہ ضرورت کو دفن کرنا ضروری تھا۔سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ عدالت کا فیصلہ سب کے لئے پیغام ہے کہ آئین سے بالاتر کوئی بھی نہیں۔ اسپیکر کی رولنگ اور اسمبلی تحلیل کرنے کا عمل غیر آئینی تھا، شکست سے بچنے کے لئے آئین کی ایک بار نہیں تین بار خلاف ورزی کی گئی۔پیپلزپارٹی کی سینیٹر نے اپنے ٹوئٹر پیغام مزید کہا کہ تحریک انصاف کی آئین اور جمہوریت کی تاریخی جدوجہد میں کوئی کردار نہیں لحاظہ وہ آئین کی اہمیت سے واقف ہی نہیں، عدالت نے ثابت کردیا کہ ملک کی سالمیت آئین کی عمل درآمد اور حکمرانی میں ہے۔
سپریم کورٹ کے فیصلے نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ آئین کی بالادستی اور جمہوریت کے استحکام کے لئے نظریہ ضرورت کو دفن کرنا ضروری تھا۔ عدالت کا فیصلہ سب کے لئے پیغام ہے کہ آئین سے بالاتر کوئی بھی نہیں۔ اسپیکر کی رولنگ اور اسمبلی تحلیل کرنے کا عمل غیر آئینی تھا۔ 1/2
— SenatorSherryRehman (@sherryrehman) April 8, 2022
واضح رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے از خود نوٹس کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے قومی اسمبلی کو بحال کردیا ہے اور ہفتے کی صبح دس بجے اجلاس بلانے کا حکم دیا ہے۔سپریم کورٹ نے حکم دیا ہے کہ اسپیکر فوری طور پر قومی اسمبلی کا اجلاس بلائیں، قومی اسمبلی کا اجلاس ہرصورت 9 اپریل صبح 10:30 بجے سے پہلے بلایا جائے۔سپریم کورٹ نے نگراں حکومت بنانے کے تمام احکامات کالعدم قرار دے دیے۔حکم نامے میں کہا گیا کہ ہفتے کی صبح دس بجے ووٹنگ کروائی جائے۔سپریم کورٹ نے اپنے حکم نامے میں کہا کہ وفاقی حکومت کسی کو ووٹنگ سے نہیں روکے گی۔سپریم کورٹ نے عمران خان کو دوبارہ ان کے عہدے پر بحال کردیا۔