کراچی اسٹاک مارکیٹ میں آج زبردست تیزی رہی اورکےایس ای ہنڈریڈ انڈیکس چودہ ہزارسات سو پوائنٹس کی سطح عبور کرگیا، لاہور اسٹاک مارکیٹ میں بھی تیزی دیکھی گئی۔

کراچی اسٹاک مارکیٹ میں دو روز کی مسلسل مندی کے بعد آج نمایاں تیزی رہی۔ ٹریڈنگ کے آغاز پر مارکیٹ اتار چڑھاؤ کا شکار رہی تاہم این آر او عملدرآمد کیس کی سماعت ستائیس اگست تک ملتوی ہونے کے بعد مارکیٹ میں نمایاں خریداری دیکھی گئی۔ ٹریڈنگ کے اختتام پر پاور سیمنٹ اور فرٹیلائزر اسٹاکس میں نمایاں تیزی کی بدولت انڈیکس میں بہتر پوائنٹس کا اضافہ ہوا اور کے ایس ای ہنڈریڈ انڈیکس چودہ ہزار سات سو چوالیس پوائنٹس پر بند ہوا۔کے ای ایس سی کے شئیرز میں نئی خریداری کے سبب مجموعی کاروباری حجم میں بھی آج نمایاں اضافہ ہوا اور مارکیٹ میں مجموعی طور پر آٹھ کروڑ چالیس لاکھ شئیرز کا لین دین ہوا۔بروکرز کا کہنا ہے کہ دس اگست کو پیش کی جانے والی مانیٹری پالیسی میں شرح سود میں ممکنہ کمی کے باعث آج مارکیٹ میں نئی خریداری دیکھی گئی۔ دوسری جانب لاہور سٹاک مارکیٹ میں بھی آج تیزی رہی اور ایل ایس پچیس انڈیکس ایک سو انتیس پوائنٹ کے اضافے کے ساتھ تین ہزار چھ سو چھپن پر بند ہوا۔ مارکیٹ میں اٹھاسی کمپنیوں کے ستائیس لاکھ سترہ ہزار چھ سو حصص کا کاروبار ہوا۔ ستائیس کمپنیوں کے حصص میں اضافہ، نو کمپنیوں کے حصص میں کمی جبکہ باون کمپنیوں کے حصص میں استحکام رہا۔