محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے زیادہ ترحصوں میں موسم گرم رہے گا، تاہم سندھ اور کشمیر میں چند مقامات پرگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا جبکہ جنوب مشرقی سندھ میں چند ایک مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش مٹھی میں تیرہ ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ گزشتہ روز سب سے زیادہ گرمی دادو، دالبدین اور سکھر میں پڑی جہاں درجہ حرارت پینتالیس ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ اس کے علاوہ اسلام آباد اور لاہور میں چھتیس، کراچی اور گلگت میں تینتیس، پشاور چالیس، کوئٹہ اور مظفرآباد میں سینتیس، مری پچیس، فیصل آباد انتالیس اور ملتان میں اکتالیس ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔