عائشہ گلا لئی کے الزامات کی تحقیقات کیلئے خود کو پیش کرتا ہوں لیکن مخالفین پر مشتمل کمیٹی قبول نہیں:چیئرمین تحریک انصاف عمران خان
بنی گالہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا کہ عائشہ گلالئی کے الزامات کی شفاف تحقیقات ہونی چاہیے جس کے لیے تیار ہوں۔ لیکن میرے خلاف بنائی جانے والی کمیٹی میں وہی لوگ شامل ہیں جو میرے خلاف ہیں۔۔ الزام مجھ پر لگا اس لیے الزام لگانے والا ثبوت بھی دے کیونکہ پوری دنیا میں ایسا ہی ہوتا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ شریف فیملی کو پارلیمنٹ عدلیہ اورجے آئی ٹی میں صفائی کا موقع ملا،پھر پانچ ججز نے فیصلہ دیا۔۔آج کہتے ہیں فیصلہ نہیں مانتا بڑی سازش ہوگئی۔ بتائیں کہاں سے اشارہ ہوا کس نے سازش کی۔ یہ ریلی کے ذریعے عدالت اور نیب پر دباؤ بڑھائیں گے لیکن تحریک انصاف ملکی اداروں کے ساتھ کھڑی ہوگی۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ مطالبہ کرتے ہیں حدیبیہ پیپرز کیس پر نیب جلد اپیل کرے۔۔اپنی کرپشن بچانے کیلئے ادارے تباہ کر دیئے گئے،نواز شریف کو پتہ ہے نیب میں کیس شروع ہوئےتو یہ پھنس جائیں گے،جو مرضی کر لیں ان کے سامنے شکست ہے۔ عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ ن لیگ نواز شریف کو نہیں بچا سکتی،وہ بھی ڈوب جائے گی،اس لئے کہتا ہوں کہ نواز شریف کو اپنے سے علیحدہ کرے۔۔اس موقع پر انہوں نے طاہرالقادری کی سپورٹ کا بھی اعلان کیا۔۔