نئے پاکستان کا آغاز پنجاب سے ہی ہوگا, فیصلے میرٹ پر اور قوم کے مفاد میں کرینگے, عمران خان

اسلام آباد میں تحریک انصاف پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ مشکل الیکشن لڑنے پر سب کو مبارک باد دیتا ہوں کیوں کہ سب کو پتا تھا کہ اصل پانی پت کی جنگ پنجاب میں لڑی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ میرے لیے سب سے بڑا عذاب ٹکٹ دینا تھا اور ٹکٹ دینے کے عمل کو مزید بہتر کرنا ہے، جہاں ہماری کمزوری ہےاس حلقےمیں ابھی سے کام شروع کرنا ہے۔ چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ پارٹی کو ایک ادارہ بنانا ہے، یہ کوئی عام پارٹی نہ ہو جہاں پر سفارش ہو، سب سے زیادہ ذمہ داری پنجاب والوں پر ہے۔ انہوں نے کہاکہ کہ دو قسم کی سیاست ہے، ایک وہ ذاتی سیاست جس میں پیسہ بنانے آتے ہیں اور ذاتی سیاست نے سیاستدانوں کو ذلت دی ہے کیوں کہ ذاتی سیاست میں عوام کا نام لےکر اقتدار میں آکراپنی ذات کا سوچتے ہیں، دوسری سیاست وہ ہے جو پیغمبروں نے کی ہے اور پیغمبر انسانیت کے لیے کھڑے ہوئے ہیں۔ چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ انصاف میرٹ پر کرنا ہے، فیصلے میرٹ پر اور قوم کے مفاد میں کرینگے، منتخب نمائندے عوام کے پیسے کو اللہ کی امانت سمجھیں، عمران خان نے کہا کہ پنجاب میں ہمیں بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے لہذٰا سب تیار رہیں، نئے پاکستان کا آغاز پنجاب سے ہی ہوگا، پنجاب کے لوگ کئی دہائیوں سے مفلسی کی زندگی گزار رہے ہیں، پنجاب پولیس کو غیر سیاسی اور خود مختار بنائیں گے۔