سوڈان میں غذائی قلت، سعودی عرب اور یو اے ای کی جانب سے گندم کی فراہمی
ریاض: سوڈان میں جاری سیاسی اور معاشی بحران کے باعث ملک غذائی قلت کا شکار ہوچکا ہے، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات امداد کی مد میں گندم فراہم کررہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سوڈان میں گذشتہ کئی مہینوں سے فوج اقتدار میں ہے جس کے باعث مختلف شہروں میں جلاؤ گھیراؤ اور مظاہروں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سوڈان میں سول اور فوجی قیادت کے درمیان اقتدار کی منتقل سے متعلق معاہدہ ہوچکا ہے تاہم اس کے باوجود ملک میں شدید بحرانی کیفیت ہے۔ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے برادر عرب اسلامی ملک سوڈان کی خوراک کی ضروریات کو پورا کرنےکے لیے 540,000 ٹن گندم بھیج رہے ہیں۔