کامن ویلتھ گیمز: ارشد ندیم نے جویلین تھرو میں گولڈ میڈل جیت لیا۔
کامن ویلتھ گیمز کے جویلین تھرو مقابلے میں پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم نے گولڈ میڈل جیت لیا ،ایتھلیٹ ارشد ندیم کو پاکستان کی نامور شخصیات کی جانب سے مبار کباد دی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم 90 میٹر کی تھرو کرنے والے نہ صرف پاکستان بلکہ جنوبی ایشیا کے پہلے ایتھلیٹ بن گئے۔کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کے ارشد ندیم نے جویلین تھرو میں گولڈ میڈل جیتا، انہوں نے پانچویں باری میں 90.18 میٹر کی ریکارڈ تھرو کی، یہ تھرو اس سال کی تیسری بہترین تھرو ہے۔صدر مملکت عارف علوی نے ارشد ندیم کو کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کے لئے گولڈ میڈل جیتنے اور تاریخ رقم کرنے پر مبارکباد دی اورکہا کہ آپ قوم کا فخر ہیں۔وزیر اعظم شہباز شریف نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا 'ارشد ندیم نے کامن ویلتھ گیمز میں گولڈ میڈل جیت کر پاکستان کا سر فخر سے بلند کر دیا۔شہباز شریف نے لکھا کہ ارشد ندیم کی مستقل مزاجی، جذبہ اور محنت ہمارے نوجوانوں کے لیے سبق آموز ہے۔وزیر اعظم نے کہا 'ارشد، آپ کی شاندار کامیابی پر مبارکباد۔اس کے علاوہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے بھی نیزہ بازی کے مقابلے میں شاندار کاکردگی پر ارشد ندیم کو مبارکباد دی۔آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے بھی ارشد ندیم کو مبارکباد دی،آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ شاباش ارشد ندیم، پاکستان کو قابل فخر بنادیا ۔نائب صدر مسلم لیگ ن مریم نواز نے کہاکہ پاکستان کا نام روشن کرنے پر شاباش ارشد ندیم،آپ نے ہمیں قابل فخر بنا دیا،شاباش چیمپئن۔ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی نے اپنے بیان میں کہاکہ ایتھلیٹکس میں کئی دہائیوں بعد گولڈ میڈل حاصل کرنے والے ارشد ندیم قومی ہیرو ہیں۔