سندھ میں سوئی سدرن گیس کمپنی اور سی این جی ایسوسی ایشن کے درمیان اٹھارہ گھنٹے سی این جی اسٹیشنز بند رکھنے پر اتفاق ۔
سوئی سدرن گیس کمپنی کے ہیڈ آفس میں سی این جی ایسوسی ایشن اور سوئی سدرن گیس کمپنی کے درمیان ہونے والے مزاکرات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ سندھ بھر میں سی این جی اسٹیشنز چوبیس کی بجائے اٹھارہ گھنٹے بند رہیں گے۔ سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے دیے گئے شیڈول کے مطابق سندھ میں جمعرات کی رات گیارہ بجے سے جمعے کی رات گیارہ بجے تک سی این جی اسٹیشنز بند ہونے تھے تاہم اب یہ دورانیہ کم کے جمعے کی شام پانچ بجے تک کردیا گیا ہے۔ سی این جی ایسوسی ایشن کے نمائندوں کا کہنا ہے کہ اس ہفتے طے شدہ شیڈول کے مطابق سی این جی کی مزید بندش نہیں کی جائے گی بلکہ دسمبر کے مہینے کے لیے گیس لوڈشیڈنگ پر آئندہ ہفتے دوبارہ مزاکرات ہونگے۔