فیصل آباد کی صنعتوں اور سی این جی اسٹیشنز کو تین روز کیلئے گیس کی فراہمی بند کردی، یومیہ اجرت پر کام کرنے والے ہزاروں مزدور بیروزگار۔
سوئی ناردرن گیس پائپ لائن کی جانب سے فیصل آباد کی صنعتوں کو آج صبح چھ بجے سے گیارہ دسمبر کی صبح چھ بجے تک تین روز کیلئے گیس کی فراہمی بند کردی گئی ہے جس کی وجہ سے پیدواری عمل رک گیا ہےاور یومیہ اجرت پر کام کرنے والے ہزاروں مزدور بھی بے روزگار ہو گئے ہیں۔ صنعتکاروں نے ہفتہ وار تین سے چار روزہ گیس بندش کو صنعتوں کی تباہی قرار دیا ہے اور آج احتجاجاً گیس لوڈشیڈنگ کے خلاف پریس کلب کے سامنےدھرنا دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔ ادھرفیصل آباد ریجن میں سرگودھا، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، میانوالی، خوشاب اور چنیوٹ کے سی این جی اسٹیشنز بھی تین روز کیلئے بند ہیں جو اتوار کی صبح چھ بجے کھول دیئے جائیں گے۔ گیس کی بندش کی وجہ سے ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں اضافہ کردیا ہے جس کے باعث لوگوں کوآمدورفت میں مشکلات کا سامناہے۔